دبئی : ویژن 2040 اور ویژن 2050 تیار کیا ہے تاکہ دنیا کے خوبصورت ترین حصے کو دیگر بین الاقوامی سیاحتی مقامات کے برابر رکھا جا سکے، سی ایم جی بی
دبئی : پھسو ٹائمز اُردُو : پریس ریلیز
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم ایکسپو 2020 دبئی میں سیاحت، زراعت، کان کنی، مہمان نوازی، توانائی اور فوڈ پروسیسنگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت پیشرفت سے بہت مطمئن ہیں۔"گلگت بلتستان حکومت سیاحت، توانائی اور زراعت میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ہماری صوبائی حکومت نے ویژن 2040 اور ویژن 2050 تیار کیا ہے تاکہ دنیا کے خوبصورت ترین حصے کو دیگر بین الاقوامی سیاحتی مقامات کے برابر رکھا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت پاکستانی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کی خواہشمند ہے، اگر وہ دنیا کے خوبصورت ترین حصوں میں سے ایک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فروری کا مہینہ گلگت بلتستان کے لیے پاکستان پویلین میں سیمینارز، بریفنگ اور پینل ڈسکشن کے ذریعے اپنی اقتصادی اور سیاحتی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیئے مقرر کیا گیا ہے تاکہ گلگت بلتستان کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں 40,000 میگا واٹ تک ہائیڈل پاور پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پھلوں کے باغات کے لیئے زرعی زمین، دریا کے کنارے ہوٹلوں اور ریزورٹس کی تعمیر کے لیے مثالی مقامات کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات اپنی مثال آپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دو نئے شہروں جن میں سکردو اور گلگت میں ترقی کے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے جن کا باضابطہ اعلان مارچ میں متوقع ہے۔اس موقع پر یو اے ای میں موجود پاکستانی سفیر افضل محمود نے اختتامی کلمات ادا کیئےاور کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں گلگت بلتستان نے اپنے اہم اقتصادی شعبوں کو مؤثر طریقے سے اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان مواقع کی سرزمین ہے اور اس سے سیاحت، انفراسٹرکچر اور مہمان نوازی میں ممکنہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی امید ہے۔ ہم 24 فروری کو ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بارے میں بھی بہت پرامید ہیں جہاں میگا ایونٹ کے موقع پر، سرمایہ کاری کانفرنس سے قبل پینل اور گروپ ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، اس کانفرنس میں امریکی اور یورپی سرمایہ کار شرکت کریں گے۔تقریب میں دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور خلیجی سرمایہ کاروں کو اپنے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے جس کے ثمرات بہت جلد حاصل ہونگے

0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home